اسلام آباد (نیوزرپورٹر) پاکستان میوزیشنز آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شبیہہ سین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا کرونا کرائسسز پر فنکاروں کے احتجاج پر نوٹس اور امداد کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اس معاملے میں نظر انداز ہونے والے طبقے تک امداد نہ پہنچنے پر افسوس ہے ۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلوکار،سازندے،قوال گروپس ،لوک فنکار اور نعت خواں حضرات نظر انداز ہوئے۔ انہوں نے کہا ان فنکاروں کی بڑی تعداد کرائے کے مکانوں میں رہائش پذیر ہے ۔ کام نہ ہونے کی وجہ سے دو ماہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،صدر مملکت عارف علوی وزیر اطلاعات اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ سے ہمارے مطالبات پرتوجہ دیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق اس امداد کا اطلاق سنگرز، میوزیشنز،قوال اور نعت خواں پر کیا جائے ۔ حکومت پاکستان اس امدادی پیکج کا اطلاق تمام صوبوں اور وفاق کے فنکاروں پر کرے۔،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھر کی آرٹ کونسلز کو فوری فعال کیا جائے تمام میوزیشنز ،قوال گروپس اور فنکاروں کی رجسٹریشن کی جائے۔