راولپنڈی میں تمام بازار کھل گئے، معمول کی زندگی لوٹ آئی، سڑکوں پر ٹریفک جام

May 12, 2020

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)راولپنڈی میں پیر کے روز تمام کاروبار کھل گئے شام پانچ بجنے سے چند ثانیئے قبل دکانداروں نے شٹر بند کردئے راولپنڈی شہر اور کینٹ کے بازاروں اور شاپنگ مراکز میں معمول کی زندگی لوٹ آئی سڑکوں پر گاڑیوں کا روائتی ٹریفک جام بھی عروج پر رہا کرونا وائرس سے بچائو کیلئے لاک ڈائون کے بعد مارکیٹیں کھلنے پر دکانوں میں خریداری کیلئے آنے والے کئی شہریوں نے چہرے پر ماسک پہن رکھے تھے لیکن بڑی تعداد ماسک پہننے ، سوشل ڈسٹینسنگ اور سینی ٹائزر کے استعمال سے لاتعلق رہی کئی دکانوں میں سوشل ڈسٹینسنگ کرائی گئی لیکن دکانوں میں خریداروں کا اچانک ہجوم جمع ہونے سے ساری احتیاطیں دھری کی دھری رہ گئیں کئی لوگ کہتے رہے سوشل ڈسٹینسنگ کریں لیکن ان کی تجویز ہنسی میں ٹالی جاتی رہی صدر کینٹ ، بینک روڈ ، آدمجی روڈ ، حیدر روڈ ، کشمیر روڈ ، پشاور روڈ ، ٹنچ بھاٹہ ، مصریال روڈ ، شالے ویلی رینج روڈ ،چکلالہ سکیم تھری ، مری روڈ ، کمرشل مارکیٹ ، سید پور روڈ ، بنی ،کرتار پورہ ، اصغر مال روڈ ، راجہ بازار ، سٹی صدر روڈ،موتی بازار ، چائنہ مارکیٹ ، کالج روڈ ، ہملٹن روڈ ، کشمیری بازار ، لیاقت روڈ ،امپیریل مارکیٹ ، اقبال روڈ ، لیاقت مارکیٹ ، باغ سرداراں ، پرانا قلعہ ، صادق آباد ، کوری روڈ ، کوہاٹی بازار ، سرکلر روڈ ، بھابڑہ بازار ،باڑہ مارکیٹ ، ڈھوک کھبہ ، سرسید چوک کے علاقوں میں دکانوں ، شاپنگ مراکز اور سٹوروں میں خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کا بے پناہ رش تھا گاڑیوں کی بہت بڑی تعداد سڑکوں اور مارکیٹوں میں آگئی پارکنگ کا مناسب بندوبست نہ ہونے سے صدر کینٹ میں چلنا بھی محال رہا الامین پلازہ میں کیمسٹ شاپس کے اطراف گاڑیوں کا شدید رش رہا ٹریفک کا عملہ صرف نو پارکنگ پر ڈیوٹی دینے میں مصروف رہا مارکیٹوں میں دکاندار اپنی گاڑیوں میں آئے اور اپنی دکانوں کے سامنے پارکنگ تقریباً اپنی گاڑیوں سے بھر دی دکانوں کے سامنے کئی جگہ تاجروں نے اپنے بیرئر رکھ کر رکاوٹیں بھی بنا دیں جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا ۔
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) لاک ڈاون میں نرمی کے پہلے ہی روز تمام بازاروں کاروباری مراکز، مارکیٹوں میں شہریوں نے سوشل ڈسٹینسنگ کی پرواہ کیے بغیر خوب خریداری کی، خواتین، بچے اور بڑے عید خریداری میں سارا دن مصروف رہے،شہر کے سب سے بڑے تجارتی مراکز راجہ بازار، باڑہ مارکیٹ، موتی بازار، پرانا قلعہ، تلوڑاں بازار، بھابڑا بازار اور مری روڈ پر خریداروں کے غیر معمولی رش کی وجہ سے تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی، خریدار اور تاجروں کی بڑی تعداد ماسک کے بغیر نظر آئی، خریداری عروج پر رہنے کی وجہ سے تنگ بازاروں میں چھوٹی دکانیں گاہکوں سے کھچا کھچ بھری رہیں،دکانداروں نے بھی شہریوں کا رش دیکھتے ہوئے خوب پیسے کمائے،باڑہ مارکیٹ اور تلوڑاں بازار میں اس قدر رش تھا کہ سارا دن ٹریفک جام رہی، پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، لاک ڈاون میں نرمی سے قبل تاجروں نے کورونا سے بچاو کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مکمل یقین دہانی کرائی تھی لیکن گذشتہ روز ایس او پیز کی پروا کیے بغیر خرید و فروخت جاری رہی،دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی سختی نہیں کی گئی،کورونالاک ڈاون نرمی میںشہریوں کی جانب سے بے احتیاطی برتنے سے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزیدخبریں