چودھری برادران کی نیب کیخلاف درخواست ، ہائیکورٹ کا نیا بنچ آج سماعت کریگا

May 12, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی ‘اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کی نیب کیخلاف درخواست پر سماعت کیلئے نیا بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ اس سے پہلے دو رکنی بنچ کے فاضل جج نے سماعت سے معذرت کر لی تھی۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج مگل سے کیس کی سماعت کریگا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کی طرف سے چیئرمین نیب کے اختیارات اور پرانے کیسز دوبارہ کھولنے کے اقدامات کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرنے والا مسٹر جسٹس سردار نعیم کی سربراہی میں مسٹر جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی احتساب اپیلیٹ بنچ تحلیل ہو گا۔ جسٹس فاروق حیدر نے ذاتی وجوہات کی بناء پر کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔ مسٹر جسٹس شہباز رضوی، جسٹس اسجد جاوید گورال پر مشتمل نیا بنچ تشکیل دے دیا گیا۔

مزیدخبریں