اسلام آباد (نامہ نگار) طلباء کو بغیر امتحانات پروموٹ کر نے سے متعلق فیصلہ نہ ہوسکا، اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وزارت تعلیم میں اہم اجلاس ہوا جس میں تمام بورڈز کے چیئرمینوں نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ 29 تعلیمی بورڈز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ وزارت تعلیم نے بورڈز سے سفارشات طلب کر لیں۔ بورڈز نے سفارشات دینے کیلئے وقت مانگ لیا۔ شفقت محمود نے تصدیق کرتے ہوئے کہا جمعہ تک تمام سفارشات کو مکمل کر کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ تمام بورڈ امتحانات کینسل ہیں، کوئی ابہام نہیں ہے۔ امپروومنٹ اور پرائیویٹ طلبہ سے متعلق فیصلہ جمعہ تک کیا جائے گا۔ کرونا کے باعث 15 جولائی تک تعلیمی اداروں کی بندش کا معاملہ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے وائس چانسلرز کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ صدارت چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کریں گے۔ اجلاس میں امتحانات کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ 31 مئی تک کرونا کنٹرول ہونے پر یونیورسٹیز کے کچھ سیکٹر کھولنے کی تجویز پر غور ہو گا۔ صورتحال قابو میں نہ آئی تو امتحانات 15 جولائی کے بعد لیے جائیں گے۔