بیرون ممالک سے آنیوالوں کا فوری ٹیسٹ ہو گا‘ 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم

May 12, 2020

اسلام آباد(نیٹ نیوز) وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کیلئے 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے بیرون ملک سے آنیوالوں کیلئے پالیسی میں تبدیلی کی ہے، بیرون ملک سے وطن واپس آنیوالوں کا فوری ٹیسٹ ہوگا اور ٹیسٹ کیلئے48گھنٹے انتظار کی شرط ختم کی جا رہی ہے، ٹیسٹ کے نتیجے کے بعد طبی ماہرین فیصلہ کرینگے کہ کون گھر جائیگا اور کون نہیں۔ صوبوں کو 24 گھنٹے میں ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ معید یوسف نے بتایا کہ جن مسافروں کا کرونا ٹیسٹ منفی ہو ان کیلئے لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط ختم کر دی گئی۔ منفی رپورٹ کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں بھی 14 دن کیلئے خود کو قرنطینہ کر سکیں گے۔ اگر ٹیسٹ مثبت آیا ہے مگر مسافر کی حالت خراب نہیں اور علامات بھی ظاہر نہیں جبکہ ان کے بارے میں بھی اگر ماہرین کی رائے یہ ہوئی کہ انہیں گھر پر رکھا جا سکتا ہے تو ایسے لوگوں کو بھی گھروں میں ہی قرنطینہ کر لیا جائے گا۔ معید یوسف نے مزید کہا کہ اگر مسافر کا کرونا ٹیسٹ مثبت ہوا اور علامات بھی زیادہ شدید ہو تو لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا۔

مزیدخبریں