کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 200 ہوگئی ہے جبکہ 537 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ COVID-19 کے 3730ٹیسٹ کروائے گئے جن میں 14.4 فیصد یعنی 537 نتائج مثبت آئے۔ کورونا وائرس مثبت کیسز کی تعداد 12017 ہوگئی ہے جو اب تک کئے گئے 95053 ٹیسٹوں کا 12.6 فیصد بنتا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 200 ہوگئی ہے جوکہ کل مریضوں کا 1.6 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 9668 مریض زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے ان میں سے 8178 یعنی 84 فیصد مریضوں کو گھروں میں آئسولیشن میں رکھا ہے جہاں ہمارے ڈاکٹرز انھیں مشورہ دے رہے ہیں اور انکا خیال رکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 911 مریض قرنطینہ مراکز اور 597 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 96 مریضوں یعنی 16.6 فیصد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 مریضوں کو وینٹیلیٹر لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید 68 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور انھیں اسپتالوں سے ڈسچارج بھی کردیا گیا ہے ۔ اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2149 تک پہنچ چکی ہے جوکہ تشخیص شدہ مجموعی کیسز کا 18 فیصد ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کل 537 نئے کیسز میں سے 432 کا تعلق کراچی سے ہے۔ ان میں 142 ملیر ، 62 وسطی ، 61 شرقی ، 58 کورنگی ، 58 جنوبی اور غربی میں 51 شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی شہر کے کیسز میں تیزی آرہی ہے لہذا انہوں نے گلشن اقبال میں ایک COVID-19 ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے انہوں نے ایک ارب 80 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہایہ 400 بستروں کا اسپتال ہوگا جس میں 100 وینیٹلیٹرز تک کی سہولت ہوگی ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بازاروں کوایس پی اوکے تحت کھولا گیا ہے لیکن افسوس کہ بیشتر دکانوں اور بازاروں میں ہجوم دیکھا گیا اور لوگ ایس او پی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگ صورتحال کو سمجھیں گے اور ایس او پی پر عمل کریں گے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام کاروباری دوستوں کو بتائی گئی ایس او پیز کے تحت کام کرنا ہے، انتظامیہ کسی کو ہراساں نہیں کرے لیکن ایس او پیز پر عملدرآمد کویقینی بنائیں۔
دکانوں ، بازاروں میں ہجوم لوگ ایس او پی بالائے طاق رکھ کر پہنچ گئے: وزیراعلیٰ سندھ
May 12, 2020