امریکہ میں مہلک کوروناوائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 81 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13لاکھ 85ہزار ہوگئی ہے۔ منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے آرہے ہیں اور اس وقت متاثرین کی مجموعی تعداد 1385834ہے۔ نیویارک سمیت مختلف ریاستوں میں اب تک کوروناوائرس سے 81795 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کوروناوائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 830 اموات ہوئی ہیں۔ اس سے ایک روز قبل کورونا سے 776 اموات ہوئی تھیں اور یہ مارچ سے اب تک اس وبا سے ایک دن میں ہونے والی سب سے کم اموات تھیں۔ امریکہ کی کچھ ریاستوں میں لاک ڈاون میں نرمی اور اموات میں بتدریج اضافے کے پیش نظر خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ امریکہ اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں روزانہ کی بنیاد پر تین لاکھ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور اس ہفتے ملک میں ٹیسٹ کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ کووڈ ٹریکنگ پروجیکٹ نامی فلاحی تنظیم کے مطابق مئی کے پہلے ہفتے میں امریکہ میں دو لاکھ اڑتالیس ہزار ٹیسٹ روزانہ کیے گئے۔ رواں ہفتے تک امریکہ نے اپنی 33 کروڑ آبادی میں صرف 2.75 فیصد لوگوں کا ٹیسٹ کیا تھا اور کسی بھی ریاست میں دس فیصد سے زیادہ لوگوں کو ٹیسٹ نہیں کیا گیا ہے۔ ٹیکساس، جنوبی کیرولائینا اور ایریزونا سمیت جن ریاستوں میں لاک ڈاو¿ن میں نرمی کی جا رہی ہے ان میں دو فیصد سے بھی کم شہریوں کا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 22 جنوری کو سامنے آیا تھا۔