بھارت میں مہلک کوروناوائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملک بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2294 اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے مختلف حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3604 نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 70827ہزار سے زیادہ ہوگئی، اس دوران مزید 87 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ بھارت 50 ہزار سے زائد متاثرین کی تعداد والے ممالک کی فہرست میں 13 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اب تک 20ہزار مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ ایک روز کے دوران اب تک کورونا وائرس کے سب سے زیادہ نئے متاثرین کا اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں اب تک کوروناوائرس سے 2294 اموات ہوئی ہیں۔ ملک بھر میں نئے متاثرین میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ دو روز میں تقریباً آٹھ ہزار نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت میں لاک ڈاون کا تیسرا مرحلہ 17 مئی کو ختم ہوجائے گا جس کے بعد لاک ڈاون میں سختی یا نرمی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ادھر بھارت میں منگل سے بین الریاستی ٹرین سروس بحال ہوگئی ہے۔ کوروناوائرس کے باعث ٹرین سروس گذشتہ دو ماہ سے بند تھی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق تین گھنٹوں میں 30 ہزار ٹکٹیں فروخت ہوگئیں۔ ٹرینیں دارالحکومت نئی دہلی سے 15 شہروں کی طرف روانہ ہورہی ہیں۔ مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا اور مسافروں کو سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔