غزہ بمباری سے شہدا29ہو گئے،حملے تیز کریں گے،اسرائیلی وزیراعظم کی ڈھٹائی

مقبوضہ بیت المقدس (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) غزہ کی محصور پٹی میں اسرائیل کے  فضائی حملے‘ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ جاری  ہے۔ مزید دو فلسطینی شہید‘ تعداد 29 ہو گئی‘ 10  بچے بھی شامل ہیں۔ کئی برسوں سے جاری لڑائی میں یہ حملے ہلاکت خیز دنوں میں سے ایک ثابت ہوا۔ منگل  کی صبح بھی بمباری کی گئی جس میں خان یونس البوریج کیمپ اور الزیتون کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فلسطینی محکمہ صحت نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں  شہید ہونے والوں میں دس بچے بھی شامل ہیں جبکہ دو روز میں 700 سے زائد  افراد زخمی ہوئے۔  شمالی غزہ میں  تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے سات افراد شہید ہوئے۔  عید سے پہلے فلسطینیوں پر اسرائیل نے قیامت ڈھا دی۔ غزہ پر وحشیانہ 130 حملوں میں کئی رہائشی عمارتیں نشانہ بنیں۔ حملوں میں حماس کے 15 کمانڈرز بھی  شہید ہوئے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے اور عید کی تقریبات منسوخ کردی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جرائم روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کی عمارت خالی کروالی گئی۔ قابض صہیونی پولیس نے  شہر حیفا اور الناصرہ میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران 30 فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔ شمالی فلسطین کے ان دونوں شہروں میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے القدس میں اسرائیلی فوج کی جارحیت، مسجد اقصی کے نمازیوں پر تشدد اور الشیخ جراح کے مقام پر بسنے والے فلسطینیوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ یہودی آباد کار نے مسجد اقصیٰ کے باہر نماز ظہر کیلئے آنے والے فلسطینیوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہو گئے۔  ادھر ہٹ دھرم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطینیوں کے خلاف حملے تیز کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اب تک اسرائیلی فوج حماس کے خلاف سینکڑوں حملے کر چکی ہے۔ اب ہم اپنے حملوں کی طاقت کو مزید بڑھائیں گے۔ اسرائیلی فورسز کی غزہ میں بمباری سے 12 منزلہ عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ مقبوضہ  مغربی کنارے پر اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔  شہید فلسطینیوں کی تعداد 29 ہو گئی۔ شہداء میں دس بچے شامل ہیں۔ دو روز میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 700 سے زائد ہو گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر سینکڑوں میزائل فائر کئے۔ تل ابیب میں حماس کا میزائل اسرائیلی عمارت پر گرا۔ دو یہودی اسرائیلی جہنم واصل اور متعدد زخمی ہو گئے۔ خوف و ہراس پھیل گیا۔

ای پیپر دی نیشن