اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دورہ سعودی عرب سے وزیراعظم نے زکوٰۃ اور فطرے کی مد میں چاولوں کے19 ہزار تھیلوں کو حاصل کرنے کے علاوہ کیا کامیابی حاصل کی؟۔ مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے اخراجات کا زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والے چاولوں کے تھیلوں کی قیمت سے موازنہ کیا جائے۔ عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد اگر ایک ایٹمی ملک کو سعودی بادشاہ کے زکوٰۃ کے چاول کے لائق بنانا کیلئے تھی تو دعا ہے کہ خدا کسی کو ایسی جدوجہد کی توفیق نہ دے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مرغی 400 روپے کلو سے زائد کرکے عمرے کیلئے سعودی عرب جانے والے عمران خان سے عوام حساب لیں گے۔ وزیراعظم صاحب نوٹس لینے اور انکوائری رپورٹوں کے جھانسے دے کر مہنگائی پر قابو پانے کے آپ کے دعوے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ نتھیا گلی میں عید کی چھٹیاں منانے والے وزیراعظم کو علم ہی نہیں کہ وہ ملک کے گلی کوچوں میں تبدیلی کے سونامی سے قیامت برپا کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار تو کچھ گزارا کر سکتے ہیں مگر عمران خان نے لاک ڈاؤن کے دوران عید میں دیہاڑی دار مزدور کے گزارے کے کیلئے کیا پالیسی بنائی ہے۔