سابق دور میں کرپشن،دھونس دھانلی نمائشی منصوبوں کے ریکارڈ بنے،عثمان بزدار

May 12, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقرباء پروری کے کلچر کو فروغ دیا۔ سابق دور میں کرپشن، سفارش اور دھونس دھاندلی کے ساتھ نمائشی منصوبوں کے ریکارڈ بنے۔ نمود و نمائش والے منصوبے صوبے کیلئے ’’سفید ہاتھی‘‘ ثابت ہوئے اور بغیر پلاننگ اور حکمت عملی کے ایسے منصوبے شروع کئے گئے جو عوام کو ریلیف دینے کی بجائے خزانے پر بوجھ بنے۔سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔ ون مین شو کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔ وزراء بااختیار ہیں اور ہر کام مشاورت سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹی دولت بچانے کیلئے کرپٹ ٹولے کی پی ڈی ایم کے پیچھے چھپنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوئی۔پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنے ادوار میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ عوام سابق حکمرانوں سے نمائشی منصوبوں پر خرچ ہونے والے پیسے کا حساب مانگتے ہیں۔ یہ لوگ قانون کے ہی نہیں، عوام کے بھی مجرم ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر  صوبہ بھر کے صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کرونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا  گیا ہے۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید کے بعد صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو اس ضمن میں  اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب میں خصوصی سنٹرز کے قیام کا بھی جائزہ لیا جائے اور ویکسین لگانے کے حوالے سے صحافی برادری کو اکاموڈیٹ کیا جائے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران لاک ڈائون کا فیصلہ شہریوں کو کرونا سے محفوظ رکھنے کیلئے کیا گیا ہے اس دوران شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ نہیں چھوڑنا چاہئے۔ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کریں اور کرونا سے محفوظ رہیں۔

مزیدخبریں