لاہور (سٹی رپورٹر) تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ بھارت سے ایٹمی مواد کا چوری ہونا، شدت پسند اور بنیاد پرستوں کے ہاتھوں ایٹمی مواد لگنے پرعالمی اداروں اور مغربی ممالک کی مجرمانہ خاموشی اختیار کرنا معنی خیز ہے۔ بھارتی شدت پسند اور بنیاد پرست حکومت کی موجودگی میں دہشت گردوں کے پاس ایٹمی مواد کی موجودگی پر کسی بھی عالمی ادارے کا بھارت کے خلاف ایکشن نہ لینا انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایٹمی مواد کی چوری کے 1994ء سے درجن سے زائد واقعات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی اور انسانیت سوز واقعات پر بھی مغرب آنکھیں بند کرکے بیٹھا ہوا ہے اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ سینیٹر ولید اقبال کاکہنا ہے بھارت کا ایٹمی پروگرام اس قدر کمزور ہے کہ شدت پسند گروہ ایٹمی مواد چرا رہے ہیں اور ان کے واضح ثبوت بھی پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام انتہائی مضبوط اور مستحکم نظام کے تحت چل رہا ہے اور آج تک کبھی بھارت جیسا کوئی بھی واقع پیش نہیں آیا ہے۔
کشمیر فلسطین نسل کشی پر مغرب آنکھیں بند کئے بیٹھا ہے:ولید اقبال
May 12, 2021