راولپنڈی (جنرل رپورٹر)جماعت اسلامی یوتھ راولپنڈی نے گزشتہ روز لیاقت باغ چوک مری روڈ پر مسجد اقصیٰ قبلہ اول میں تراویح کے موقع پر اسرائیلی فوج کی طرف سے نمازیوں پر حملہ، فائرنگ، شیلنگ اور مسجد کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری محمد عثمان آکاش،صدر جے آئی یوتھ ضلع راولپنڈی ملک عمران اور دیگر عہدیداران نے کی،محمد عثمان آکاش نے کہا کہ اسرائیل نے نہتے نمازیوں پر حملہ کرکے ظلم و جبر کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ یہ صرف نمازیوں پر حملہ نہیں ہے،بلکہ یہ سارے عالم اسلام پر حملہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کی اس ریاستی دہشت گردی کے حوالے سے فوری طور پر آو آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔پاکستان ترکی کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر بھی اٹھائے۔