گوجرانوالہ+ نارووال+ حافظ آباد+ سرگودھا+ کوٹ رادھا کشن+ فیصل آباد+ گجرات (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندگان نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد سہیل خواجہ کی ہدایت پر کرونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ضلع گوجرانوالہ میں لاک ڈاؤن اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد، 95 دوکانیں سیل، 66 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات کے اندراج کے ساتھ ساتھ 50 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ نے خود بھی جی ٹی روڈ، سروس روڈ اور خراداں والا بازار میں لاک ڈائون پر عملدر آمد چیک کرنے کے لیے چھاپے مارے اور اس موقع پر متعدد دوکانوں کو سیل، 10 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ادھرنارروال میں لاک ڈائون اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 21دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ سات دکانداروں کیخلاف مقدمات درج کیے گئے ، حافظ آباد میں چالیس دکانیں سیل کر دی گئیں ، گجرات میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سات مالکان کے خلاف مقدمات درج کر کے سات دکانوں کو سیل کر دیا گیا ، فیصل آباد میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22شاپنگ مالز اور ایک ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گی ، فیس ماسک نہ پہننے پر متعدد افراد کو 48ہزار کے جرمانے کیے گئے ، چک 58 کے ہال کو منگنی کی تقریب منعقد کرنے پر سیل کر دیا گیا جبکہ تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ، سرگودھا میں 25 دکانوں کو سیل ، 10 تاجروں اور 6 قصابوں کو حراست میں لے لیا گیا ، مختلف مقامات سمارٹ لاک ڈائون کے تحت 13مئی تک سیل رہیں گے ۔ کوٹ رادھا کشن میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 40 دکانوں کو سیل کر دیا گیا ۔
ایس او پیز کی خلاف ورزیاں :گوجرانوالہ و دیگر شہروں میں درجنوں دکانیں ، شاپنگ مالز سیل
May 12, 2021