سعودی عرب میں مختلف شہروں اور قصبوں میں نماز عید کیلیے 20 ہزار 569 مقامات مختص

 سعودی عرب میں مختلف شہروں اور قصبوں میں نماز عید کیلیے 20 ہزار 569 مقامات کو مختص کر دیا گیا۔سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور کی جانب سے تمام شہروں میں عید کی نماز کیلیے جامع مساجد کے علاوہ مختلف مقامات پر عید اجتماعات کے خصوصی انتظامات کی اجازت دی گئی ہے جہاں آنے والوں کو مکمل طور پر ایس اوپیز کا خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریاض ریجن میں 3 ہزار 147 جامع مساجد اور 971 مساجد کے علاوہ 682 مقامات کو مخصوص کیا ہے جبکہ مکہ ریجن میں 2 ہزار 108 جامع مساجد اور 739 عام مساجد کے علاوہ 309 مقامات پر عید مصلوں کی اجازت دی گئی ہے۔ مدینہ منورہ ریجن میں 784 جامع مساجد اور 256 مساجد کے علاوہ 34 مصلے اور مشرقی ریجن میں 939 جامع مساجد اور786 مساجد کے علاوہ 18 عید مصلے مخصوص کیے گئے ہیں۔ وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عید الفطر کی نماز کے لیے آنے والے مقررہ ضوابط پرمکمل طورپرعمل کریں اورکسی بھی حالت میں خلاف ورزی کا ارتکاب نہ کریں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔ جاری ضوابط کے مطابق نماز عید کیلیے جاتے وقت ہر شخص ماسک لازمی طور پر استعمال کرے جبکہ اپنی جائے نماز ہمراہ لائے۔  مساجد اور عید مصلوں میں سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے۔ کھلے مقامات پرنماز عید ادا کرنے والے بھی سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں تاکہ کورونا وائرس کو پھیلانے سے روکا جاسکے۔  وزارت اسلامی امور نے مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نماز عید سورج نکلنے کے پندرہ منٹ بعد پڑھائی جائے اور نمازیوں کے لیے مقررہ ضوابط پرعمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن