کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این اپی) اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت دو روپے اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی بلند ترین 191.50 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈکس 500 پوائنٹس مزید گر گیا اور انڈکس 42 ہزار 900 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تفصیل کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد ڈالر نے تاریخ کی بلند ترین سطح حاصل کرلی ہے۔ قبل ازیں یکم اپریل کو سیاسی انتشار کے سبب ڈالر 188 روپے 25 پیسے پر پہنچا تھا۔ کراچی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 190 روپے 10 پیسے کی ریکارڈ سطح پر آگیا ہے۔ ڈائریکٹر عارف حبیب گروپ احسن محنتی نے بتایا ہے کہ تیل کے زیادہ درآمدی بل اور سعودی پیکج سے متعلق قیاس آرائیوں کی وجہ سے روپیہ دباؤ کا شکار ہے۔ دوسری جانب چئیرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سیاسی محاذ آرائی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ بن رہی ہے۔ دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1300 روپے تولہ بڑھ گئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان سٹاک ایکسچنج میں بھی مندی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، 100 انڈیکس 500 سے زائد پوانٹس کی کمی سے 42 ہزار 900 پوانٹس پر آگیا۔ ایکسچنج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سربراہ ظفر پراچہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بات چیت میں تاخیر سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ پڑ رہا ہے۔ رواں سال 10 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں اگر پروگرام میں توسیع نہ ہوئی تو روپے پر بہت زیادہ دباؤ آسکتا ہے۔ انٹر مارکیٹ سکیورٹیز کے سربراہ برائے ایکویٹیز رضا جعفری نے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تاخیر کو مندی کی وجہ ٹھہرایا تھا۔
ڈالر 191.50روپے کی بلند ترین سطح پر ، سونا 1300روپے تولہ مہنگا
May 12, 2022