کشمیریوں کیخلاف بھارتی اقدام یواین چا رٹر کی خلاف ورزی ، بلاول 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یو این سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط میں کہا ہے کہ بھارتی غیرقانونی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے محصور کشمیری آبادی کو مزید پسماندہ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر کی شناخت‘ لوگوں کے بنیادی حقوق اور ثقافت پر حملہ ہے۔ بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی حکومت کی راہ ہموار کرنے کیلئے ہے۔ بھارتی اقدام بی جے پی‘ آر ایس ایس کے اتحاد اور ہندوتوا نظریئے کا عکاس ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں کے عمل کو تیز کرنا چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ ہندوستان کے ذریعہ جموں و کشمیر کی غیر قانونی حد بندی کے سنگین مضمرات کا فوری طور پر نوٹس لیں۔ بھارت کو یاد دلائیں کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جس کا حل زیر التواء  ہے، اور بھارت کو بین الاقوامی قانون، جنیوا کنونشنز، اور متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کے تحت بھارت کی اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں کسی بھی غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو لانے سے گریز کرنا چاہیے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضی اور پی پی پی گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر آصف بشیر بھاگٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پنجاب کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ سانحہ 12 مئی کی پندرہویں برسی کے موقع پر پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زندہ قومیں سانحات سے سبق سیکھتی ہیں اور اپنے شہداء  کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ علاوہ ازیں  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ورچوئل ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سٹیٹ کونسلر وانگ یی نے وزیر خارجہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں فریقوں کے اقدامات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، آزادی اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت پر اپنے چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں نئی رفتار پیدا کرنے اور عملی تعاون کی نئی راہیں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سی پیک کی اعلی معیار کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور کلیدی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور پاکستان میں صنعتی منتقلی کو تیز کرنے کا منتظر ہے۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں دہشت گردی کے حملے کی مذمت کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور اس سے باہر کی بدلتی ہوئی صورتحال بالخصوص افغانستان کی سنگین انسانی اور اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ بلاول بھٹو زرداری سے صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری یاسین اور جنرل سیکرٹری فیصل راٹھور نے زرداری ہاؤس ملاقات کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی آزاد کشمیر کے عہدیداران کے درمیان مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کسی صورت بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر میں حلقہ بندیوں کو قبول نہیں کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن