عوام عمران کو نا اہلی کی سازش کے پیچھے چھپنے نہیں دنیگے: مریم نواز 

May 12, 2022


صوابی (نوائے وقت رپورٹ) رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے شکر ہے قومی مجرموں سے جان چھوٹی۔ آئندہ الیکشن میں خیبر پی کے کے عوام کی بھی عمران سے جان چھوٹنی چاہئے۔ صوابی کے عوام نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کر کے ن لیگ کو فتح دلوائی۔ چار سال حکومت کر کے چار سیکنڈ کی کارکردگی نہیں بتا سکتا۔ جس کی کارکردگی صفر ہو اسے جھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے۔ سازش بہانہ تھا مقصد کارکردگی چھپانا تھا۔ شکر ہے اﷲ کا، فتنہ بازوں سے پاکستان کی جان چھوٹی۔ عمران خان آپ کیخلاف کوئی سازش نہیں ہوئی۔ کسی سازش نے نہیں تمہیں اپنے ایم این ایز نے حکومت سے نکالا‘ عدم اعتماد کیا۔ نہ تمہیں نواز شریف نے نکالا نہ غیر ملکی سازش نے۔ عمران خان رونا دھونا بند کرو‘ عوام کو بتاؤ کہ چار سال میں کیا کیا؟۔ چار سال ہیلی کاپٹر میں جھولے لیتا رہا۔ سرکاری خرچ پر بنی گالا پالتا رہا۔ اس نے پاکستان بیت المال اور توشہ خانہ کو بھی نہیں بخشا۔ عمران خان کان کھول کر سن لو‘ 22 کروڑ عوام تمہاری نااہلی کو سازش کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ پاکستان کھائی میں گر رہا تھا اگر نہ بچاتے تو کیا ہو جاتا۔ ہم سمجھتے تھے پاکستان آئی سی یو میں ہے۔ ایک ماہ حکومت گزارنے کے بعد پتا چلا۔ نواز شریف نے 2013ء میں لوڈشیڈنگ‘ مہنگائی اور دہشت گردی ختم کی۔ نواز شریف نے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھا دیا۔ جتنی گڑ بڑ عمران خان کر کے گیا ہے اسے ٹھیک کرنے میں دو تین سال لگیں گے۔ حکومت میں آ کر دیکھا‘ پاسکتان ایسے درخت کی طرح کھڑا ہے جس کی جڑیں سلامت نہیں‘ عمران نے کھوکھلا کر دیا ہے۔

مزیدخبریں