شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میں غیر روایتی سیاستدان ہوں۔ میں سیاست اقتدار کے لئے نہیں، اقدار، عزت اور عام افراد کی خدمت کے لئے کرتا ہوں۔ اقتدار کی کرسی کا نشہ اس قدر ہوتا ہے کہ وہاں مشورہ نہیں خوشامدی لوگوں کو ہی پسند کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ چکری میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی نظریاتی کے ایڈیشنل سیکرٹری عثمان ڈار، پنجاب یوتھ کے صدر زبیر حسین، کلرسیداں اور شیخوپورہ سے نوائے وقت کے نمائندگان اکرام الحق قریشی، سلطان حمید راہی کے علاوہ سابق چیئرمین دوست محمد مہمند، چوہدری خلیل احمد، راجہ صفدر کیانی اور شیخ ساجد الرحمان بھی موجود تھے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا اللہ تعالٰے کے ہر فیصلے میں بہتری ہوتی ہے۔ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں کسی کو بھی کوئی مشورہ دینے کی پوزیشن میں نہیں ہوں کیونکہ اقتدار کی کرسی کا اپنا نشہ ہوتا ہے۔ ایسے میں کوئی درست مشورہ اچھا بھی نہیں لگتا۔ اقتدار میں خوشامدی بڑی تعداد میں سامنے آ جاتے ہیں اور صاحب اقتدار انہی کے مشوروں کو پسند بھی کرتے ہیں۔ اختر وقار ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی نظریاتی ہی اصل تحریک انصاف ہے۔ آنے والے ایام میں بڑے نام ہماری جماعت کا حصہ ہوں گے۔ ہم ہی حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ ہمارے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں۔ ہم اپنی بات پر قائم رہتے ہیں یوٹرن نہیں لیتے۔