راولپنڈی (جنرل رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے اغوا کے بعد قتل ہونے والی امریکی نژاد خاتون وجیہہ فاروق سواتی کے مقدمہ میں نامزد شریک ملزمہ زاہدہ کی جانب سے طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو ایک بار پھر نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزمہ کا میڈیکل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کر تے ہوئے جیل ہسپتال کے ڈاکٹرکو ہدایت کی کہ عدالت کو بتایا جائے کہ ملزمہ کو ایسی کون سی بیماری لاحق ہے اور اس بیماری سے ملزمہ کی زندگی کو کیا خطرات درپیش ہیں۔ مقدمہ کے مرکزی ملزم رضوان حبیب کی ذاتی ملازمہ و مقدمہ کی شریک ملزمہ زاہدہ زوجہ یوسف مسیح نے اپنے وکیل طلعت زیدی کے ذریعے طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے جس پر عدالت نے گزشتہ تاریخ پر جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کیا تھا۔