حکومت قومی یکساں نصاب تعلیم کو ختم کرنے جا رہی ہے: شفقت محمود

May 12, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ نااہل حکومت قومی یکساں نصاب تعلیم کو ختم کرنے جا رہی ہے۔ اس عمل سے فسادات پیدا ہوں گے۔ جلد الیکشن کروانے کا مطالبہ قوم کا ہے، پی ٹی آئی کو الیکشن کمشن کے چیف پر کوئی اعتماد نہیں۔ خیبر پختون خواہ ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود کا کہنا تھا لوگوں کے ضمیر خرید کر یہ حکومت بنی، کل جہلم والا جلسہ قابلِ دید تھا، پاکستان کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو رد کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی صرف آنی جانے لگی ہوئی ہے اور نتیجہ کچھ بھی نہیں، آج کل انکی اپنی ہی لڑائی شروع ہو چکی ہے۔ پاکستانی اکانومی کو چلانے کے لئے برطانیہ سے لوگ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیرو پرفارمنس کے بعد (ن) لیگ کے رہنما برطانیہ بھاگ گئے ہیں، وہاں بیٹھے نااہل شخص سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ ہماری حکومت نے کشمیر کے معاملے پر ایک پالیسی اپنائی ہوئی تھی جو کوئی تجارت بھارت کے ساتھ نہیں کرنے دی، آج یہ حکومت بھارت کے ساتھ تجارت کرنے جا رہی ہے، یہ لوگ پاکستان کا سودا کرنے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں