اسلام آباد (نامہ نگار)دنیابھر میں ملازمین کی نصف تعداد اپنی موجودہ ملازمت سے مطمئن نہیں ۔ آن لائن پے رول، ایچ آر اور ٹیکس سمیت دیگر خدمات فراہم کرنے والی معروف بین الاقوامی کمپنی اے ڈی پی کے سروے نتائج کے مطابق دنیا بھر میں ملازمین کی نصف تعداد اپنی موجودہ ملازمت سے مطمئن نہیں اور وہ نئی ملازمت کی تلاش میں ہیں۔ کرونا وائرس کی وبااور سکیورٹی کے باعث لیبر مارکیٹ کی صورتحال کافی مشکل ہو چکی ہے۔ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں 33 ہزار سے زائد کارکنوں کے سروے نتائج کیمطابق کارکنوں کی دو تہائی تعداد نے کہا کہ اگر انہیں غیر ضروری طورپر فل ٹائم کیلئے دفتر یا نوکری کی جگہ پر طلب کیاگیا تو وہ نئی نوکری کی تلاش کو ترجیح دیں گے۔ دوسری جانب مطمئن کارکنوں کی شرح 36 فیصد سے 25 فیصد تک کم ہوئی ہے جبکہ اپنی موجودہ ملازمت سے غیر مطمئن اور نئی ملازمت کے خواہش مند کارکنوں کی شرح 15 فیصد کے مقابلہ میں 24 فیصد تک بڑھی ہے۔ اے ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والے نصف کارکن اپنے روزگار یا ملازمت سے غیر مطمئن ہیں۔