ریاض (اے پی پی)سعودی عرب کے وزیر برائے صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا ہے کہ مملکت میں معدنیات کے شعبے کا حجم 70 ارب ریال تک پہنچ گیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے نے وزیر صنعت و معدنیات کے حوالے سے بتایا کہ وہ معدنیات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کان کنی سے متعلق صنعتوں کے لیے ترغیبات ہیں، مملکت میں کان کنی کی منفرد مارکیٹ قائم ہوگئی جبکہ منرلزکو صنعتوں سے جوڑا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی غیرملکی کمپنیوں نے زنک اور تانبے سے مالا مال علاقہ الخنیقیہ کی آخری نیلامی میں شرکت کی اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت سرمایہ کاروں کو معدنیات پر سرمایہ لگانے کی طرف راغب کرنے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 2021 ء کے دوران 30 ارب ریال سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ، بعض منصوبوں میں سعودی اور غیرملکی ملکر کام کررہے ہیں۔
سعودی عرب : شعبہ معدنیات کا حجم 70ارب ریال تک پہنچ گیا
May 12, 2022