اسلام آباد(نا مہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کے ایجنڈے، دورانیے اور قانون سازی پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ پارلیمانی سال کے کیلنڈر پر غور کیا گیا۔ کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کو 20مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔رواں اجلاس میں وقفہ سوالات، قانون سازی ، توجہ دلاو نوٹس اور عوامی اہمیت کے حامل موضوعات کو زیر بحث لائے جائے گا۔اجلاس میں کورم کو پورا رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ کمیٹی ممبران کی راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر قومی اسمبلی کا منصب سنبھالنے ہر مبارکباد پیش کی۔کمیٹی اجلاس میں کمیٹی کے سابق رکن اقبال محمد علی خان مرحوم کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، مرتضی جاوید عباسی، خرم دستگیر خان، سید نوید قمر، شازیہ مری، خالد حسین مگسی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور ممبران قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، شاہدہ اختر علی، سید غلام مصطفی شاہ، صابر حسین قائم خانی اور چوہدری برجیس طاہر نے شرکت کی۔