آئندہ سینٹرل کنٹریکٹ 2022-23 میں  20فیصد اضافے کی تجویز ‘ یکم جولائی کو سنٹرل کنٹریکٹ جاری  کئے جانے ہیں


لاہور(آئی این پی)پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئندہ سینٹرل کنٹریکٹ 23-2022 کے تحت کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 20فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔ کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے مشاورت شروع کردی گئی ہے اور جلد ہی پی سی بی کی جانب سے مختلف کیٹیگریز میں منتخب کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستانی کپتان بابر اور ہیڈ کوچ ثقلین نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں منتخب کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ مزید برآں انہوں نے ممکنہ اور مستقبل کے منصوبوں میں شمولیت کے حوالے سے کرکٹرز کے بارے میں اپنے تاثرات بھی بتائے۔ابتدائی مشاورت میں سنٹرل کنٹریکٹ 2022-23 کے لیے بجٹ، زمرہ جات، ماہانہ اضافے اور کھلاڑیوں کی تعداد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ کے معاہدوں کی تجدید کے لیے بھی غور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے بجٹ، درجہ بندی، ماہانہ اضافہ، اور گھریلو معاہدوں پر کھلاڑیوں کی تعداد سب کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس 2022-23 کے حوالے سے ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کرکٹ بورڈ مختلف کیٹیگریز کے ذریعے کھلاڑیوں کی تبدیلی، ترقی اور تنزلی پر غور کر رہا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے یکم جولائی کو سینٹرل کنٹریکٹ جاری کیے جانے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن