ہاتھوں میں کشکول کی بڑی وجہ کرپشن ہے،نیب نے 4 سال میں1 ہزار 363 ارب روپے سیریکوری کی
قانون بنانا نیب کا کام نہیں بلکہ نیب واحد ادارہ ہے جس کا مکمل آڈٹ ہو چکا ہے،تقریب سے خطاب
قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس( ر ) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا بنیادی مقصد کرپشن کا خاتمہ ہے، نیب کی تمام وفاداریاں ریاست پاکستان کے لیے ہیں ،ہاتھوں میں کشکول کی بڑی وجہ بھی کرپشن ہے۔ انہوںنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن کے ساتھ زیادتی ہوئی انہیں حق واپس دلایا جائے اور 100 سوسائٹیز اگر کام کر رہی ہیں تو ان میں سے 86 فیصد فراڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاست میں فرق ہے اور نیب کی تمام وفاداریاں ریاست پاکستان کے لیے ہیں، نیب کا بنیادی مقصد کرپشن کا خاتمہ ہے اور ہمارے ہاتھوں میں کشکول کی بڑی وجہ بھی کرپشن ہے۔جاوید اقبال نے کہا کہ ایک صاحب نے کہا یہ ریکوری کدھر چلی گئی اور نیب الماری نہیں جہاں پیسے پڑے ہیں بلکہ 50 ارب سے زیادہ لوگوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کی امانتیں ہیں اور ہم اس کے ضامن ہیں جبکہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی کہ لوگوں کی عزت نفس کو ٹھیس نہ پہنچے۔ قانون بنانا نیب کا کام نہیں بلکہ نیب واحد ادارہ ہے جس کا مکمل آڈٹ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کے استعمال میں رب کے سامنے جواب دہ ہیں، نیب نے 4 سال میں ایک ہزار 363 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی۔