جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام نے ساڑھے 3 سال میں جو گند ڈالا ہے اس کو 3 دن میں نہیں اٹھایا جا سکتا، گند ڈالنے میں وقت نہیں لگتا لیکن گند کو صاف کرنے میں وقت لگتا ہے، اس وقت چیلنج یہ نہیں ہے کہ ملک ڈوب گیا، چیلنج یہ ہے کہ ملک کو دوبارہ اوپر کیسے اٹھانا ہے۔کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے، پسماندہ ملک سے ترقی پذیر ملک تک کا سفر آسان نہیں، ہمیں آگے بڑھنا چاہیے تھا مگر افسوس کہ گزشتہ 3 سے 4 سال کے دوران ہم نے ترقی معکوس کی ہے، ہم پستی کی جانب گئےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں پاکستان کی شرح ترقی صفر تک گر گئی، ہمیں اپنے عوام کو مطمئن کرنا ہوتا ہے جبکہ عالمی برادری سے بھی تعلقات استوار کرنے ہوتے ہیں لیکن اس کے لیے بھی ہمیں معاشی طاقت کی ضرورت ہے، دنیا سے تعلقات بنانے کے لیے ہمیں خود کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہوگا تاکہ دنیا ہم سے کاروباری روابط قائم کرے اور اس سے ملک کے عوام کو فائدہ ہو۔