کراچی (کامرس رپورٹر) انٹربنک میں ڈالر کا ریٹ پونے 9 روپے بڑھ گیا۔ جمعرات کو انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ برقرار رہا اور انٹربینک میں گزشتہ 2روز کے دوران امریکی ڈالر روپے کی نسبت 14 روپے سے زائد بڑھ گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کی نسبت ڈالر کی قدر 8.71روپے اضافے سے 290.22 روپے کی سطح سے بڑھ کر 298.93 روپے پر آگئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں صرف 1روپے کا اضافہ ہوا اور امریکی ڈالر 295روپے سے بڑھ کر 296روپے کا ہوگیا۔ دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت فروخت 2.20 روپے بڑھ کر 320.20 روپے پرآگئی اور برطانوی پاﺅنڈ کی قیمت فروخت 2.80روپے کی تیزی سے 368.80روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 1.50روپے بڑھ کر 79 روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت بھی 50پیسے کے اضافے سے 80روپے رہی۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7 ڈالر بڑھ کر 2038 ڈالر ہو گئی مگر مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کے بھاﺅ 2700 روپے گھٹ کر 2 لاکھ 37 ہزار 300 روپے رہ گئے۔ جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 2314 روپے کمی سے 2 لاکھ 3 ہزار 447 روپے رہی۔ جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 3100 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔