پی ٹی آئی کا جشن، آج اسلام آباد پہنچنے کی کال دے دی 

May 12, 2023


اسلام آباد لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے اور رہائی کا حکم دینے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور قیادت مشاورت کے بعد اگلا سیاسی لائحہ عمل طے کرے گی۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان کی سکیورٹی کا خیال رکھیں گے۔ علاوہ ازیں حماد اظہر نے کارکنان کو آج جمعہ صبح اسلام آباد کی طرف روانہ ہونے کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب لوگ جمعہ کی نماز ان شاءاللہ وہاں پڑھیں گے۔ ٹوئٹر پر حماد اظہر نے کہا کہ ایک بار پھر پورے پاکستان سے گرفتاریوں کی اور شیلنگ کی خبریں موصول ہو رہی ہیں، لگتا ہے اعلیٰ ترین عدالت کا فیصلہ کافی ناگوار گزرا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے کی خوشی میں لاہور کے کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ کارکنوں نے عمران خان اور اعلیٰ عدلیہ کے حق میں نعرے لگائے۔ زمان پارک میں جمع کارکنوں نے فیصلے کی خوشی میں ڈھو ل کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اوراپنی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سپریم کورٹ سے ریلیف ملنے پر کارکن اور وکلاءخوشی سے نہال ہوگئے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی رہائی کا حکم سن کر تحریک انصاف کے کارکنان اور وکلاءخوشی سے جھوم اٹھے۔ کارکنوں کو جیسے ہی عمران خان کی رہائی کا حکم ملا تو انہوں نے بھنگڑے ڈالنے شروع کر دیئے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔ لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں بھی کارکنوں کی جانب سے خوشیاں مناتے ہوئے مٹھائی بانٹی گئی۔ شیخوپورہ کے مختلف مقامات پر اظہار تشکر، تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ حلقہ پی پی 140 کے ٹکٹ ہولڈر چودھری طیاب راشد سندھو کارکنوں کے ہمراہ بتی چوک شیخوپورہ پہنچ گئے۔ جہاں پر چودھری شفقت رسول چودھری کی طرف سے کارکنوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اورایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے ہیں بعدازاں کارکنان نے چودھری طیاب راشد سندھوایڈووکیٹ کی قیادت میں ریلی کی شکل میںجناح پارک گئے جہاں پرتحریک انصاف کے رہنماﺅں نے خطاب بھی کیا۔ بتی چوک شیخوپورہ میں جشن منایا گیابتی چوک میں چوہدری محمد سعید ورک، کنور عمران سعید، بیرسٹر طیاب راشد سندھو، دیگر نے عمران خان کی رہائی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنے کے علاوہ کارکنوں کے ہمراہ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جس سے بتی چوک میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا۔
جشن

مزیدخبریں