اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا حالیہ دورہ بھارت دو طرفہ نہیں بلکہ خالصتاً شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت سے متعلق تھا۔ یہ درست فیصلہ تھا۔ جبکہ سہ فریقی مذاکرات میں اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبر ممالک کے لیے ٹرانسپورٹ کوریڈور کی تجویز پیش کی۔ انہو ں نے کہا کہ کانفرنس میں وزیر خارجہ نے سفارتی پوائنٹ سکورنگ کے لیے دہشت گردوں کی امداد کا نقطہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا۔ افغان وزیر خارجہ امیر متقی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر تھے اور اس موقع پر پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات کے اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ دہشت گرد تنظیموں سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی اور تینوں ملکوں نے خطے کو درپیش خطرات پر مل کر کام کرنے کا عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات میں اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔ کانفرنس میں وزیر خارجہ نے پاکستان کا اپنا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا کہ دہشت گردی کو خارجہ پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ہیں، دونوں ممالک اہم معاملات پر مشاورت کرتے ہیں اور چینی وزیر خارجہ کا پاکستان کے اندرونی معاملات پر بیان ایک دوست کا مشورہ تھا۔ انہوں نے کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں بھارتی قابض فورسز نے راجوری، کپواڑہ اور بارہمولہ کے اضلاع میں 6 کشمیری نوجوانوں کو قتلکیا جبکہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی یہ خلاف ورزیاں ختم ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ میں شام کی واپسی مثبت عمل ہے اور یہ خطے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور مسگانو آریگا پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد میں ہیں اور دورے کے دوران پاکستان اور ایتھوپیا سائنس اور ٹیکنالوجی، تجارت اور تعاون پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔
شنگھائی کانفرنس میںشرکت درست ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم ہونی چاہئیں : دفتر خارجہ
May 12, 2023