واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سینٹ کی کمیٹی برائے تعلقات خارجہ کے چیئرمین باب مینڈیز نے پاکستان کی صورت حال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری پریشان کن حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال میں کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ باب مینڈیز نے عوام کیلئے انٹرنیٹ سروسز کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنا پاکستانی عوام کی آزادیوں، بشمول انفارمیشن تک رسائی کو خطرناک حد تک دباتا ہے۔ دریں اثناءآئی این پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں بننے والی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو تشدد سے باز رہنے کی اپیل کی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے اپنے مختصر بیان میں حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کی جانے والی قانونی کارروائی میں مناسب طریقہ کار اپنائیں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کریں۔ ترجمان کے مطابق انتونیوگوتریس نے پر امن اجتماع کے حق کا احترام کرنے پر اور عمران خان کے خلاف قانون کی عمل داری میں قوانین کے احترام پر زور دیا ہے۔ این این آئی کے مطابق افغانستان میں قائم طالبان حکومت نے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ فریقین تحمل اور سمجھداری کا مظاہرہ کریں گے۔ افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان میں ہونے والے حالیہ واقعات سے غمزدہ ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور بعض صورتوں میں تشدد بھی ہوا۔