کوہاٹ جلال آباد (این این آئی) پاک افغان سرحد سے متصل افغان صوبہ ننگر ہار میں طوفانی بارش اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی۔ جہاں بارش اور سیلابی ریلے کی زد میں آکر گھر مندہم ہونے سے ماں دو بیٹیوں اور بیٹے سمیت ایک ہی گھرانے کے چار افغان شہری جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر علاقوں میں بارش اور سیلاب کے نتیجے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ سرحد پار سے آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب صوبہ ننگر ہار کے صدر مقام جلال آباد سمیت کئی دیگر اضلاع میں شدید بارش ہونے کے باعث متعدد مقامات پر سیلابی پانی امڈ آیا، جس کی وجہ سے سینکڑوں کنال اراضی سمیت کھڑی فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچا، جلال آباد شہر میں 50 سے زائد جبکہ دیگر اضلاع میں مجموعی طور پر 300 گھرانے متاثر ہوئے۔
افغانستان: ننگر ہار میں بارش، سیلاب سے تباہی، ایک خاندان کے 4 افراد جاں بحق
May 12, 2023