لاہور ( خصوصی نامہ نگار)مجلس احرار اسلام پاکستان کی وطن عزیز میں انتشار پھیلانے کی پر زور مذمت۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماو¿ں نے کہا ہے کہ تمام نظام ہائے باطلہ کو آزماءکر دیکھ لیا اب وقت ہے کہ ہم اپنی اصل کی طرف واپس آجائیں اور اللہ کی دھرتی پر اللہ کے قانون کے نفاذ کی جد وجہد کو زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنا لیں۔ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام حیات کے نفاذ میں مضمر ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سیدمحمد کفیل بخاری، نائب امیرحاجی عبداللطیف خالد چیمہ، میاں محمد اویس، سید عطاءاللہ شاہ ثالث بخاری،مولانا محمد مغیرہ، ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری، ملک محمد یوسف، قاری محمد قاسم بلوچ، قاضی محمد حارث اور دیگر احرار رہنماو¿ں نے ملکی حالات کے تناظر میں اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملکی املاک کو نقصان پہنچانا بیوقوفی ہے۔ حکمران اور سیاست دان اس بڑھتے ہوئے انتشار کے ذمہ دارہیں۔ تمام سیاسی کارکنوں کو قابو کیا جائے۔ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں ہونی چاہیے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی تحمل مزاجی سے کام لیتے ہوئے عوام الناس سے تعاون کریں اور عوام کو بھی سرکاری املاک کا تحفظ کرنا چاہیے نا کہ ان کو نقصان پہنچایا جائے۔کسی مسئلے کا حل مار پیٹ نہیں ہوتا مذاکرات سے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔