خالد مسعود سندھو کی زیر صدارت اجلاس، کشیدگی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

لاہور( نیوز رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی زیر صدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں ملک میں جاری کشیدگی اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو نے کہا کہ موجودہ حالات حکومت کی ناکامی ہے۔ ملک دشمن قوتوں کی دیرینہ خواہش ہے کہ عوام کو فوج سے ٹکرا دیا جائے۔ اس خواب کی تکمیل کیلئے کئی دہائیوں سے کوششیں کی گئیں لیکن کامیابی نہیں ملی۔ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نفرت اور انتقام کی سیاست میں ہماری حکومت اور سیاسی جماعتیں اس حد تک چلی گئیں کہ دشمن کا ایجنڈا کامیاب ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی مسلم لیگ نے کراچی سے ملک میں جاری انتشار کے خاتمے کیلئے اتحاد کانفرنس کے نام سے جس مشن کا آغاز کیا۔ اس کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے گا اور ملک کی بقا، استحکام اور اتحاد کی فضا پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ افواج پاکستان نے جس تحمل کا مظاہرہ کیا اس سے پاکستان خانہ جنگی سے بچ گیا۔ عوام اور فوج کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ہم سیاسی جماعتوں اور حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ اپنے رویوں پر نظر ثانی کریں۔ نفرت اور انتقام کی سیاست کا نتیجہ ملک کی تباہی کی صورت میں ہی نکلے گا۔

ای پیپر دی نیشن