پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان  براہِ راست پروازوں کا آغاز 

May 12, 2023

 وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ مسگانو اریگا کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی ہے جس میں درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کی شام کراچی میں اپنے ایتھوپین ہم منصب کے ہمراہ ایتھوپین ائیرلائن کی پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی تاجروں کو افریقی ممالک میں نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے آسانی ہوگی اور افریقی تاجروں کے لیے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے، خاص طورسے تجارت ،معیشت، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کامتمنی بھی ہے۔ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں اطراف سے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ ایتھوپیا افریقہ کا گیٹ وے، افریقی یونین کا ہیڈکوارٹرز اور پاکستان کے لیے افریقہ انیشی ایٹو کا مضبوط شراکت دار ہے تاہم دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھاکر ہی تجارت سمیت ایک دوسرے کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ 

مزیدخبریں