پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایشیا کپ 2 مرحلوں میں کرانے کی پیشکش 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کرکٹ کےلئے نیا پلان پیش کرتے ہوئے ایونٹ 2مرحلوں میں کرانے کی پیشکش کردی جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ابتدائی میچز پاکستان میں جبکہ دوسرے مرحلے میں فائنل سمیت بقیہ میچز یو اے ای میں کرائے جائیں۔ پی سی بی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سوائے بھارت کے بقیہ ٹیمیں ایک ایک میچ پاکستان میں کھیلیں، دوسرے مرحلے میں بھارت سمیت تمام ٹیمیں اپنے میچز یو اے ای میں مکمل کریں۔پی سی بی نے راﺅنڈ ون کے 4میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دے دی۔ایشیا کپ کی دیگر ٹیموں نے سفر کے اضافی اخراجات کو مدنظر رکھ کر ہائبرڈ ماڈل میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔پی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کے کمرشل اور لاجسٹک انتظامات کی بھی یقین دہانی کروا دی۔ایشیا کپ کی دیگر ٹیموں نے عرب امارات میں ستمبر کے گرم موسم پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔پی سی بی نے ستمبر میں ایشیا کپ 2018اور آئی پی ایل کے یو ائے ای میں ہونے کا حوالہ دیا۔ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران نے نجم سیٹھی سے نئی تجاویز پر مشاورت کا وقت مانگ لیا۔ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش اور سری لنکا نے ایشیا کپ کے اجلاسوں کے دوران نیوٹرل وینیو پر ایشیا کپ کی منتقلی کی کوئی بات نہیں کی، دونوں کرکٹ بورڈز نے براہ راست پی سی بی کو نیوٹرل وینیو پر ایشیا کپ کی منتقلی کی بات نہیں کی۔سری لنکا اور بنگلہ دیش کی پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے کی یقین دہانی کا ثبوت پی سی بی کے پاس موجود ہے۔پی سی بی کو ای میل کے ذریعے سری لنکا اور بنگلادیش نے پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نیا پلان اے سی سی میں پیش کرکے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔پی سی بی کے نئے پلان کے تحت ٹیمیں ایک بار ہی متحدہ عرب امارات جائیں گی، بار بار آنا جانا نہیں ہوگا۔ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران ایشیا کپ کا نیا پلان اے سی سی صدر جے شاہ کو پیش کرکے جواب دیں گے، پی سی بی نے یہ بھی واضح کردیا ہے اگر پورا ایونٹ کسی دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا تو پاکستان شرکت نہیں کرےگا۔ذرائع کے مطابق کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی کے نئے فنانشل ماڈل میں پاکستان کو آمدنی کا چوتھا بڑا حصہ دیا جارہا ہے، ماضی میں پاکستان اس فہرست میں چھٹے یا ساتویں نمبر تھا۔

ای پیپر دی نیشن