زرتاج گل پر سفری پابندیوں کی کوئی  قانونی وجہ نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی زرتاج گل کا حج ادائیگی کیلئے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمودجہانگیری نے زرتاج گل کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کیا جس کے مطابق زرتاج گل پر سفری پابندیوں کے اطلاق کی کوئی قانونی وجہ یا اخلاقی جواز موجود نہیں۔عدالت نے اپنے حکم میں کہاکہ سیکرٹری داخلہ قانون جاننے والے سینئر افسر کو عدالت کی معاونت کیلئے مقررکریں اور مجاز افسر متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہواورکیس کے حقائق سے واقف ہو۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ وکیل کے مطابق پٹیشنرکے خلاف احتجاج پر متعدد مقدمات درج ہیں اور  وہ قانون کا سامنا کررہی ہیں،  زرتاج گل کسی بھی کیس میں مفرور یا اشتہاری نہیں اور ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔حکم نامے میں کہا گیا کہ زرتاج گل پر سفری پابندیوں کے اطلاق کی کوئی قانونی وجہ یا اخلاقی جوازموجودنہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر جواب طلب کرلیا۔

ای پیپر دی نیشن