پنجاب بار کونسل کی اپیل پر چوتھے روز بھی وکلا کی ہڑتال، ریلیاں

لاہور +حافظ آباد(نوائے وقت رپورٹ) وکلاء پر دہشت گردی کے مقدمات اور لاہور میں تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف پنجاب بار کونسل کی اپیل پر صوبے بھر میں چوتھے روز بھی ہڑتال کی گئی جس سے عدالتی امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہزاروں مقدمات کی سماعت نہ ہو سکی۔ دور دراز سے آئے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثنا تحصیل و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے مظاہرے کیے گئے، ریلیاں نکالی گئیں۔ تحصیل بار بھیرہ کی ہڑتال سے عدالتی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ صدر بار چودھری محمد انور بولا ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلا متحد ہیں انہیں اشتعال نہ دلایا جائے۔ محمد شاہد القمر بھٹی ایڈووکیٹ، مہر محمد نواز ایڈووکیٹ، چودھری اظہر محمود گوندل ایڈووکیٹ، اویس الطاف جنجوعہ ایڈووکیٹ، راجہ الطاف حسین ندیم ایڈووکیٹ، محمد اقبال گوندل ایڈووکیٹ و دیگر نے کہاکہ وکلا پُرامن طور پر اپنے مسائل کاحل چاہتے ہیں۔ کمالیہ بار ایسوسی ایشن نے بھی وکلا پر تشدد کیے جانے کے خلاف مکمل ہڑتال کی۔ وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے اور تحصیل کچہری میں احتجاج بھی کرتے رہے۔ صدر کمالیہ بار ایسوسی ایشن رائے عزیزالرحمن جگنو ایڈووکیٹ نے وکلا پر تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔دریں اثناء لاہور‘ شیخوپورہ ‘حافظ آباد ‘ گوجرانوالہ‘ قصور ‘ بہاولپور‘ سرگودھا‘ حافظ آباد‘ چیچہ وطنی اور دیگر اضلاع اور تحصیلوں میں وکلاء نے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی۔

ای پیپر دی نیشن