لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے نو مئی کو مغلپورہ، زمان پارک اور راحت بیکری کے سامنے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 3کیسوں میںسابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاںمحمود الرشید اور اعجاز چوہدری کیخلاف ٹرائل یکم جون تک ملتوی کر دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر دیگر ملزموں میں چالان کی کاپیاں تقسیم جائیں گی۔ مقدمہ میں خدیجہ شاہ اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید بھی نامزد ملزم ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فارم 47 پر بننے والی وزیر اعلیٰ کے پاس مذاکرات کرنے کے اختیارات ہیں؟ وزیر اعلی پنجاب تو اپنی مرضی سے آئی جی پولیس پنجاب کو تبدیل نہیں کر سکتی وہ ہم سے مذاکرات کیسے کر سکتی ہیں؟ ملک کو نواز دیتے دیتے شہباز دے بیٹھے، وہ ہمارے ساتھ کیسے مذاکرات کر سکتے ہیں؟۔ ان کی سوچ ضیاء الحق کی عکاس ہے۔ وکلاء، کسانوں اور مائوں بیٹیوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے9 مئی کو کلمہ چوک پر کینٹینر جلانے کے کیس میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر 16 مئی کو دلائل طلب کر لئے۔ مقدمہ میں بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں۔