لاہور+ فیصل آباد + سرگودھا +چنیوٹ+ ننکانہ (نوائے وقت رپورٹ + نمائندگان) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش اور آندھی کا الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور آندھی کا سلسلہ (آج) 12مئی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ بیشتر اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، میانوالی، خوشاب‘ سرگودھا، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال اور بہاولپور میں بھی بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں جمعہ کی رات کی آندھی اور بارش کے باعث معطل بجلی کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہو سکی جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ فیسکو ریجن میں بھی شدید ترین طوفان اور بارش کے باعث 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے جبکہ مختلف علاقوں میںبریک ڈاؤن اور بجلی کی تاروں پر درخت اور فلیکس بورڈ گرنے کے واقعات رونما ہوئے۔ فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں طوفان سے کھمبے اکھڑنے اور تاریں ٹوٹنے سے بجلی منقطع ہوگئی تھی۔ چنیوٹ و گردنواح میں شدید آندھی طوفان بارش کے باعث گذشتہ رات کئی مکانوں کی چھتیں گر گئیں۔ کئی افراد زخمی ہو گئے ایک گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر چار سالہ بچی بھی جاں بحق ہو گئی، شدید طوفان کے باعث شہر میں بجلی کی تاریں ٹوٹ کر گر گئی‘ کئی علاقوں کی بجلی ہفتہ کے روز بھی بند رہی۔ گندم اور دیگر فصلوں کا نقصان ہوا۔ سرگودھا اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید آندھی اور شدید بارش کے باعث سڑکوں پر درخت گرنے، چھتوں سے سولر پلیٹیں، واٹرٹینکیاں اڑنے اور بورڈز کے ٹوٹنے کے ساتھ بجلی کی تاریں گرنے کے واقعات سے علاقہ بھر میں بجلی کا نظام درھم برھم رہا اور کئی علاقوں میں رات بھر تاریکی سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ دریں اثناء ننکانہ اور گردونواح میں بھی طوفان بادو باراں کے باعث بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ جبکہ نواحی گائوں ہربھان شریف میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گر گئی گلی میں کھیلتا تین سالہ بچہ احمدملبے تک دب کر جاں بحق ہو گیا احمد والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔
آندھی، بارش، چھتیں دیواریں گرنے سے 2 بچے جاں بحق، کئی شہروں میں گھنٹوں بجلی بند رہی
May 12, 2024