لاہور(کلچرل رپورٹر)دربار حضرت میراں حسین شاہ زنجانی ؐ کے سجادہ نشین پیر سید ادریس شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ اللہ کے ولیوں کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگیاں اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے راستے کے مطابق گزاریں۔ اللہ پاک قرآن پاک میں فرماتا ہے اے بندے تو مجھے یاد رکھ میں تجھے یاد رکھوں گا۔ جنہوں نے اللہ کو یاد رکھا اس کے دین کو پھیلانے کیلئے اپنی زندگیاں وقف کئے رکھیں۔ صدیاں گزر جانے کے باوجودآج بھی ان کے درباروں پر میلے لگتے ہیں۔ ہر وقت اللہ اور اس کے رسولؐ کا ذکر ہوتا ہے۔لنگر کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور لوگ سکون قلب اور من کی مرادیں حاصل کرتے ہیں۔ پیر سید ادریس شاہ زنجانی کا کہنا حضرت میراں حسین شاہ زنجانی اور حضرت یعقوب حسین شاہ زنجانی نے اپنی زندگیاں دین کیلئے لگادیں ان کے فیض کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ یہ وہ برگزیدہ ہستیاں ہیں جنہوں نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔