نجی ہائوسنگ سکیم کے خلاف آپریشن، سائٹ دفاتر، روشنی والے کھمبے اور مجسمے مسمار 

May 12, 2024

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈویژنل انٹیلیجنس کمیٹی کی ہدایات پرٹاسک فورس کی غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف شاندار کارروائیاں کر رہا ہے۔ موضع بڈھیال راولپنڈی میں واقع نجی سکیم کے خلاف آپریشن میں ٹاسک فورس نے سائٹ کے دفاتر، روشنی والے کھمبے اور مجسمے مسمار کر دئیے ہیں۔ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ آپریشن کمشنر راولپنڈی ڈویژن محمد عبدالعامر خٹک، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، ڈپٹی کمشنر  راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی کی زیر نگرانی کیا جا رہا ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے فراڈ، دھوکہ دہی اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے تمام غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رکھا جائے گاہائوسنگ سکیم کے مالکان کی جانب سے زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے حوالے سے عوام الناس کی شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے اور زمینوں پر زبردستی قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں نجی سکیم کے مالکان اور اسپانسرز کو غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈیولپمنٹ روکنے کے لیے سابقہ نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ ان انتباہات کے باوجود، مالکان ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی سکیم کے لیے بکنگ آفس چلاتے پائے گئے ۔ آر ڈی اے، تھانہ صدر بیرونی اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ آپریشن ٹیم نے آپریشن کیا ۔

مزیدخبریں