لاہور( خصوصی نامہ نگار)کسان بور ڈ کے وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے سردار ظفر حسین و دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 16 مئی کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے ہزاروں کسان معاشی قتل کے خلاف دھرنا دیں گے۔ کسان اپنے مویشی، زرعی آلات اور ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت شرکت کریں گے۔ حکومت نے گندم خریدنے سے انکار کرکے مافیا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ اب کسان کو گندم کا ریٹ مافیا کے رحم کرم پر ملے گا۔ ملک فصل کی تیاری اور وافر سٹاک موجود ہونے کے باوجود دوسرے ممالک انتہائی خراب کوالٹی کی گندم خریدی گئی۔ گندم امپورٹ سیکنڈل کے قومی مجرم وزارتوں اور مراعات کے مزے لوٹ رہیں ہیں۔ کسانوں کی جمع پونجی گندم کے شکل میں کھیتوں میں خراب ہورہی ہے۔ اس مرتبہ حکومت نے کسانوں پر ایسا ظلم کیا ہے جو اس سے پہلے ملکی تاریخ میں نہیں ہوا۔ ہم نے اس دھرنے کی قیادت کیلئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے درخواست کی تھی جو انہو ں نے قبول کر لی ہے۔
حکومت نے گندم خریدنے سے انکار کرکے مافیا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے: رشید منہالہ
May 12, 2024