مسلمانوں اختلافات ختم کرکے اللہ ، رسولؐ کی اطاعت میں مگن ہو جائیں: میمون اسعد تمیمی   

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہلحدیث کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر سمیت دیگر جماعتی ذمہ دران سے  فرزند امام قبلہ اول میمون اسعد تمیمی نے مرکز قرآن و سنہ اسلامک سینٹر جمعیت اہلحدیث کے سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر میمون اسعد تمیمی نے جمعیت اہلحدیث کے ذمہ داروں و کارکنان سے مختصر گفتگو کی۔ ان کیساتھ عربی میں اردو ترجمے کے فرائض ڈاکٹر ارشاد الحسن ابرار نے سرانجام دئیے میمون اسعد تمیمی نے کہا مسلمانوں کو آپس کے اختلافات ختم کرکے اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت میں مگن ہونا چاہئے۔ ملت کفر کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ مسلم امہ کو تقسیم در تقسیم کے ذریعے ان کی صفوں میں انتشار پیدا کیا جائے۔ہم اپنی کمزوریوں کی بدولت ان لوگوں کو مواقع دے رہے ہیں۔اہل توحید خوش قسمت ہیں جنکے پاس توحید جیسی عظیم نعمت موجود ہے۔ مسلم معاشروں کی کامیابی کا بڑا راز توحیدو سنت جیسی نعمت میں ہی پوشیدہ ہے۔ اسرائیل کی فلسطین، غزہ پر وحشیانہ بمباری سے بہت جانی و مالی نقصان ہوچکاہے۔ غزہ، فلسطین آدھے سے زیادہ تباہ ہو گیا ہے۔ اسرائیل کو امریکہ، بھارت سمیت پورے عالم کفر کی پشت پناہی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم اْمہ کے حکمران بھی اس خوف میں مبتلا ہیں۔ آج مسلمانوں کے پاس ایٹمی پاور ہے انکا آج اللہ تعالیٰ پر یقین، ایمان، پختہ ہونا چاہئے ۔

ای پیپر دی نیشن