نوجوان نسل کو قومی ترانہ کے مفہوم سے آگاہ کیا جائے، پروفیسر عزیز ہاشمی

May 12, 2024

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)قومی ترانہ فائونڈیشن پاکستان اور روح فورم کے اشتراک سے دی ایمبلم ہائیر سیکنڈری سکول حیدری چوک میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدر چئیرمین قومی ترانہ فائونڈیشن پروفیسر ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی نے کی میزبانی کے فرائض کرنل( ر) مرتضیٰ علی شاہ نے انجام دئیے ۔ دیگر شرکا ء میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان ، چوہدری شفیق، ارشد عزیز ہاشمی، اکبر نیازی،مبشر سلیم،  قیوم طاہر،عامر انور، اورنگزیب ،عمر اعوان ، ساجد شاہ، غلام رسول و دیگر شامل تھے ۔ پروفیسر ڈاکٹر عزیز ہاشمی نے قومی ترانہ فانڈیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ارباب علم و دانش کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی نوجوان نسل کو قومی ترانہ کے مفہوم سے آگاہ کریں اور وطن عزیز کے تحفظ اور اسکی بقا کے توانائیاں صرف کر یں۔  مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ" روح فورم" شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں طلبا وطالبات کے دلوں میں حب مصطفی کا چراغ روشن کرے اور عملی زندگی کو اسوہ رسول کی روشنی میں بسر کرے فکر اقبال کو تعلیمی اداروں میں فروغ دے۔ مستقبل میں روح فورم اور قومی ترانہ فائونڈیشن کے باہمی اشتراک سے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ ایپسما نجی تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات کی اخلاقی تربیت کے لیے ان دونوں فورمز کے ساتھ ملکر کام کرے گی اور اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی.

مزیدخبریں