سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموںوکشمیر میںقا بض بھارتی انتظامیہ نے پارلیمانی انتخابات کے دوران نام نہاد سکیورٹی کے نام پر مختلف علاقوںمیں تلاشی کی کارروئی کا سلسلہ تیز کر دیا ، مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔کے پی آئی کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے دوران نام نہاد سکیورٹی کے نام پر قابض بھارتی فوج کی جانب سے مختلف علاقوں کا محاصرہ جاری ہے اور تلاشی آپریشنزتیز کردئیے گئے ہیں۔جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں ایک لائبریری میں آتشزدگی کے باعث تقریباً ایک لاکھ کتابیں جل کر راکھ ہو گئیں۔کئی دہائیاں پرانی اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ لائبریری خاکستر ہوجانے کی وجہ سے علاقے کے لوگ سخت رنج وغم کا شکار ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی ونیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی ہے کہ بھارت اور پاکستان مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنائیں گے اور مسائل حل کر لیں گے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے لوگوں کو درپیش شدید مشکلات ومصائب پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فاروق عبداللہ نے سرینگر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، مہنگائی عروج پر ہے ،لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور سرکاری اور انتظامی سطح پر ان کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔