اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 12 مئی ایک المناک دن ہے، جو ہمیں کشیدگی اور تشدد کی سیاست کے برے نتائج کی جانب بھی توجہ مبذول کراتا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں 12 مئی 2007 کے پرتشدد واقعات میں شہید یا متاثر ہونے والے تمام جیالوں اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاسی کارکنان کی جمہوریت سے غیرمتزلزل وابستگی اور جمہوریت مضبوط بنانے کے لیے ان کی انتھک کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ 12 مئی جیسے ماضی کے سانحات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس طرح کے کاموں میں ملوث کرداروں کا باقاعدہ محاسبہ کرتی ہے، جس میں آنے والی نسلوں کے لئے ایک سبق ہوتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ہم آہنگی اور مفاہمت کے جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے متحد ہو جائیں۔