لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ چیف منسٹر یوتھ انیشیٹیو کے تحت طلباء کو بلا سود اور آسان اقساط پر بائیکس کی ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بلا سود اور آسان اقساط پر ای بائیک اور پٹرول بائیک کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کی ای بیلٹنگ کی۔ طلباء کو بلا سود اور آسان اقساط پر بائیکس کی ای بیلٹنگ کے موقع پر مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔ بلال اکبر خان نے کہاکہ وزیراعلی کی ہدایت پر تمام اداروں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے محنت کی، شاباش۔ مریم نواز شریف خواتین کی ایمپاور منٹ کے نہایت احسن اقدامات کررہی ہیں۔ ورکنگ وویمن اور سپیشل افراد کے لئے شاندار سکیمیں لارہے ہیں۔ وائس چانسلرز اور کالج پرنسپلز کا روڈ شوز کے انعقاد کے لئے تعاون کرنے پر شکریہ اد ا کرتے ہیں۔ بلا سود اور آسان اقساط پر بائیکس انفراسٹرکچر کی تبدیلی نہیں بلکہ کلچر کی تبدیلی ہے۔ انشاء اللہ جلد دوسرے فیز کا آغاز کریں گے، دوسرے فیز میں ای بائیکس کی تعداد زیادہ رکھیں گے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے طلباء کو بلا سود آسان اقساط پر بائیکس دینے کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ طلباء و طالبات کو شفاف ای بیلٹنگ کے ذریعے ایک ہزار ای الیکٹرک بائیک اور 19000 پٹرول بائیک دی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے7لاکھ طلبہ کو عینک اور ہیرنگ ایڈ فراہم کرنے کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کی سکریننگ کر کے نظر اور قوت سماعت چیک کی جائے گی۔ کمزور قوت بصارت اور قوت سماعت والے طلبہ کو چشمے او رہیرنگ ایڈ دی جائیں گی۔ پنجاب کے سرکاری اور نجی سکولو ں میں سکریننگ کا عمل جلد شروع کیاجائے گا۔ اے ٹی سکیل 500 ملین کی مالی معاونت کرے گا۔ مریم نواز شریف سے اے ٹی اے سکیل کے وفد نے ملاقات کی۔ سکولوں میں انٹرنیٹ سروسز او ردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سکولوں کے بچوں میں غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ ہیلتھ نیو ٹریشن ا ور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک کار کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ سکولوں کے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب میں آٹزم کے شکار بچوں کے لئے پہلا سرکاری سکول لاہور میں قائم کیاجائے گا۔ عوام کی خدمت کے لئے روایتی طریقے سے ہٹ کر کام کرنا چاہتی ہوں۔ نئے دور میں نئی سوچ سے ہی مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ عالمی معیار کے مطابق تعلیم حاصل کرنا، ہر بچہ کا حق ہے۔ طلبہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے نجی اشتراک سے پیکٹ ملک پراجیکٹ شرو ع کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں مفت ایمرجنسی وائی فائی کی سہولت دوبارہ شروع کر دی ہے۔ اے ٹی سکیل وفدنے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا عوامی خدمت کا وژن قابل تعریف ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ٹی یو وی رائن لینڈ کمپنی، جرمنی کے ریجنل ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ بینیڈک انیسلمن نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کے ترقیاتی پراجیکٹس کیلئے ٹیکنیکل سروسز فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے ٹی یو وی رائن لینڈ کمپنی کو صوبے میں کاروباری مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ پنجاب میں فلاحی منصوبوں کے لیے ٹی یو وی رائن لینڈ سے تکنیکی معاونت کے حصول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترقیاتی پراجیکٹس کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ، پروجیکٹ مینجمنٹ، سرٹیفیکیشن اور آڈیٹنگ کیلئے سروسز پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ بینیڈک انیسلم کی پنجاب میں فلاحی منصوبوں کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کو ٹیکنالوجی کی مدد سے زیادہ مؤثر بنانے کیلئے اشتراک کار کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب میں منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں تکنیکی مدد اور مہارت فراہم کرنے پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔ ینیڈک انیسلمن نے وزیر اعلیٰ کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے لگن کو سراہتے ہوئے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں جدت اور پائیدار حل کے لیے ٹی یو وی رائن لینڈ کے ساتھ شراکت داری کی پیشکش کو سراہا۔
بلا سود ، آسان اقساط پر بائیکس کی ای بیلٹنگ، 7 لاکھ طلبہ کو عینک، آلہ سماعت دینے کی منظوری
May 12, 2024