اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مدر ڈے کے موقع پر دنیا بھر کی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان تمام ماؤں کی مقروض ہے جن کے بیٹے وطن عزیز کے وقار اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے شہید ہوئے۔ ماں کی محبت وہ ناقابل شکست توانائی ہے جو عام انسانوں کو اپنی زندگی میں ناممکن کارنامے انجام دینے کے قابل بناتی ہے۔مائیں اپنی بے لوث قربانیوں، غیر مشروط محبت اور غیر متزلزل لگن کے ذریعے آنے والی نسلوں کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال 12 مئی کو ماؤں کے ساتھ اظہار تشکر اور احترام کے طور پر منایا جاتا ہے۔ خاندانی ذمہ داریوں اور پیشہ ورانہ کوششوں میں توازن پیدا کرنے میں ماؤں کو درپیش بے پناہ چیلنجوں کو تسلیم کرتے ہوئے اسپیکر نے ماؤں کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہر قوم اپنی ماؤں کا شکر گزار ہے جو بے پناہ محبت اور شفقت کے ساتھ پرورش اور رہنمائی کرتی ہیں۔سپیکر نے پاکستان کی قومی اسمبلی کے زچہ و بچہ کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے قانون سازی کے ذریعے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں جن میں پارلیمانی فورمز جیسے خواتین کی پارلیمانی کاکس، ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ، اور پارلیمانی کاکس آن چائلڈ رائٹس شامل ہیں۔ سپیکر نے فلسطین اور بھارت کے ناجائز مقبوضہ جموں و کشمیر کی ماؤں کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جن کے بچے تو شہید ہو رہے ہیں لیکن ان کا عزم، حوصلہ ابھی بھی بلند ہے اور وہ اپنے حق خود ارادیت کیلئے مسلسل جدو جہد اور غیر متزلزل جذبے کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کو دہشتگردی کے ذریعے قتل کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اپنی ماؤں کی آنکھوں کے سامنے ہزاروں بچوں کا قتل عام دنیا کے جدید اصولوں اور عالمی انسانی حقوق کے منافی ہے۔سپیکر نے کہا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں اپنے والدین کی دعاؤں اور تربیت کی وجہ سے ہیں۔انہوں نے نوجوان بچوں اور بچیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی ماؤں کی عزت کریں کیونکہ دنیا اور آخرت کی کامیابیاں اور کامرانیاں اس عظیم رشتے کی مرہون منت ہے۔انہوں نے ماں کے رشتے کی منفرد اور بے لوث نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ماں کا رشتہ غیر مشروط محبت، قربانی، اور مشکل وقت میں راحت و سکون فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔
ماں کا رشتہ محبت، قربانی، اور مشکل وقت میں راحت و سکون کا ذریعہ ہے ،ایاز صادق
May 12, 2024