کراچی‘ لاہور (خالد محمود خالد/نیٹ نیوز) آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ 2011ءکے انعقاد کے حوالے سے تمام خدشات دور ہو گئے ہیں۔ بھارتی چینل آئی بی این سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ ورلڈکپ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کیا تبدیلی آئے گی تاہم جس طرح شردپوار بیحد پُراعتماد ہیں کہ ورلڈکپ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں خوشگوار تعلقات کی بنیاد ثابت ہو گا، یہ ان کا ذاتی خیال ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچ کے موقع پر پاکستانی ٹیم کے ممبئی میں کھیلنے کے بارے میں آئی سی سی کو کسی صورت بھی اعتراض نہیں ہو گا۔ تاہم انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر زور دیا کہ اگر پاکستان سیمی فائنل یا فائنل کھیلنے بھارت جاتی ہے تو بی سی سی آئی کو مہمان کھلاڑیوں کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کرنا ہونگے۔